حق دعویٰ پر کمپنی کو بقایاجات کی رقم فوری ادا کرنے کا حکم

23 جون ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) خصوصی عدالت برائے کو آپریٹو سائیٹ کے سینئر سول جج محمد اسحاق نے خفیہ کیمروں اور جدید سیکیورٹی آلات نصب کرنے والے شہری کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے گلیکسو کلائن کو حکم دیا ہے کہ بقایا جات کی مد میں 20 لاکھ 40 ہزار روپے فی الفور ادا کرے، سیکیورٹی سسٹم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید محمود نے اپنے وکیل کے توسط سے 1 کروڑ 32 لاکھ روپے کا حق دعویٰ دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست گزار نے جولائی 2009 میں ایک معاہدے کے تحت گلیکسو کلائن کمپنی میں جدید طرز کے تقریباً 70 کیمرے و دیگر آلات نصب کیئے،معاہدے میں طے پائے گئے معاوضے سے کمپنی انتظامیہ نے 50 لاکھ 40 ہزار روپے بذریعہ چیک ادا کیئے جبکہ 12 لاکھ روپے سےزائد رقم جان بوجھ کر روک لی گئی،درخواست گزار نصب شدہ سیکیورٹی آلات کی مینٹیننس بھی کرتا رہا اور اس مد میں 20 لاکھ روپے سے زائد کمپنی پر واجب الادا ہے لہذا کمپنی کو بقایا جات کی رقم ادا بقایا جات روکے جانے والے دورانیہ کے مطابق نفع کے ساتھ ایک کروڑ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔