بلدیاتی انتخابات کا التواءقبول نہیں،قوانین درست کئے جائیں ،جماعت اسلامی

23 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے سندھ حکومت، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کی ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کی سفارش اور ایڈوکیٹ جنرل کی جانب سے سلیکٹ کمیٹی کے اجلاس کی رپورٹ پیش کرنے پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کی کوششوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے لیے قانون سازی کی جائے، قوانین درست کیے جائیں لیکن اس کی آڑ میں بلدیاتی انتخابات کا التواء کسی صورت میں بھی قبول نہیں کیا جائے گا، عوام کو ان کے قانونی اور جمہوری حقوق سے محروم رکھنے کے بجائے انتخابات اپنے وقت پر منعقد کیے جائیں، ترجمان نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں بلدیاتی اداروں کو آئین کے آرٹیکل 140-Aکے مطابق با اختیار نہیں کیا اسی لیے سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو ایسے قوانین بنانے کے لیے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق درست کرنے کی آڑ میں بلدیاتی انتخاب موخر نہیں ہونے چاہئیں ، کمیٹی کی جو رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش ہوئی اور اخبارات میں شرکاء کے ناموں کے ساتھ چھپی وہ بالکل غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے۔