پاکستان اولمپکس کا پی ایس بی اجلاس میں شرکت سے انکار

23 جون ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے24جون کو پی ایس بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شر کت سے انکار کردیا ہے۔ پی او اے کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نئے آئین میں ترمیم نہ کیےجانے تک ہم پی ایس بی بورڈ کا حصہ نہیں بن سکتے ہیں۔ پی او اے کے سکریٹری جنرل خالد محمود کا کہنا ہے کہ ترامیم گذشتہ حکومت میں کی گئی تھیں جس پر پی اواے اور فیڈریشنوں نے اعتراضات کئے ہیں، ہم نواز شریف دور حکومت میں پی او اے اور دیگر فیڈریشنوں کے بارے میں اولمپک چارٹرڈ کے مطابق کیے گئے معاہدے پر عمل چاہتے ہیں،دوسری جانب پی ایس بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی او اے کے تحفظات کے باعث اجلاس کو بدھ کے بجائے جمعرات کو رکھا گیا ہے۔