افغانستان،زلزلے سے تباہی، 1000 افراد جاں بحق، سیکڑوں مکان منہدم

23 جون ، 2022

کابل (اے ایف پی /جنگ نیوز)افغانستان میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب آنے والے 6اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے کے باعث ایک ہزار افراد ہلاک جبکہ 1500 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔افغانستان میں ہونیوالے جانی نقصان پر پاکستان کے وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کیا ہے، اے ایف پی کے مطابق افغانستان میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر نے کہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار ہو گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ پکتیکا کے انفارمیشن اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ محمد امین حذیفہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا۔ لوگ ایک کے بعد دوسری قبر کھود رہے ہیں۔‘حکام نے بتایا کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ ایک تھی۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے کے باعث افغانستان میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں پاکستان پڑوسی ملک کی مدد کرے گا۔قبل ازیں طالبان انتظامیہ کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ محمد نسیم حقانی نے بتایا تھا کہ زیادہ تر ہلاکتیں صوبہ پکتیکا میں ہوئیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہیں۔رپورٹ کے مطابق مشرقی صوبوں ننگرہار اور خوست سے بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔یو ایس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح آنے والے زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔