عمران خان کا اپنی حکومت پر کرپشن کا الزام نہ ہونے کا دعویٰ غلط ،تجزیہ کار

23 جون ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال پچھلی حکومتوں کو کرپشن کی وجہ سے نکالاگیا، ہماری واحد حکومت ہے جس پر کرپشن کا الزام نہیں، کیا عمران خان کا دعویٰ درست ہے ؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ عمران خان کا اپنی حکومت پر کرپشن کا الزام نہ ہونے کا دعویٰ غلط ہے،اتحادی حکومت عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر صرف الزامات لگارہی ہے ابھی تک کوئی مقدمہ نہیں بنایا۔ محمل سرفراز نے کہا کہ عمران خان کا اپنی حکومت پر کرپشن کا الزام نہ ہونے کا دعویٰ غلط ہے، پی ٹی آئی کے دور میں ہی شوگر ، گندم ، ادویات اور ایل این جی اسکینڈلز میں حکومتی وزراء پر کرپشن کے الزامات لگے،بلین ٹری سونامی اور مالم جبہ کیسوں پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔