سجاول،آکسیجن نہ ملنے سے بچہ جاں بحق

23 جون ، 2022

سجاول(نامہ نگار) سول ہسپتال سجاول میں پولیو ورکر کا 6 ماہ کا معصوم بچہ آکسیجن کی کمی کے باعث جاں بحق، ایمبولینس میں پیٹرول ڈلوانے کی رقم نہ ہونے کے باوجود سول ہسپتال انتظامیہ نے پیٹرول دینے سے انکار کر دیا، ڈی ایچ او سجاول نے پہنچ کر ایمبولینس کے پیٹرول کی رقم دے کر بچے کی لاش کو گائوں روانہ کیا۔ سجاول میں پولیو ورکر سومار جت کے چھ ماہ کے معصوم بیٹے عزیز اللہ جت کو علاج کے لئے سول ہسپتال سجاول لایا گیا جہاں سہولیات نہ ہونے کے باعث سول ہسپتال انتظامیہ نے بچے کو کراچی منتقل کرنے کا مشورہ دیا مگر بچہ جاں بحق ہوگیا۔ بچے کے والد پولیو ورکر سومار جت کے پاس بچے کی لاش کو گائوں منتقل کرنے کے لئے ایمبولینس کے پیٹرول کی رقم موجود نہ ہونے اور ہسپتال انتظامیہ کو پیٹرول دینے کی درخواست کرنے کے باوجود سول ہسپتال انتظامیہ نے پیٹرول مہیا نہیں کیا۔