سعودی ولی عہد کی ترکی آمد ،ترک صدر اردگان سے ملاقات

23 جون ، 2022

انقرہ (اے ایف پی /جنگ نیوز )سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دورے پر ترکی پہنچ گئے ، جہاں ترک صدر رجب طیب اردگان نے ان کا استقبال کیا، اے ایف پی کے مطابق ترکی میں سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں رہنما ئوں کے درمیان دو گھنٹے کی ملاقات بھی ہوئی ،جس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی تاہم اس ملاقات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، اس موقع پر سعودی عرب نے ترکی میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا ۔ اس سے قبل وہ مصر اور اردن کا دورہ کر چکے ہیں۔محمد بن سلمان کا یہ دورہ ترکی اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بحال کرنے کے سلسلے کی کڑی ہے جو 2018 میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے ترکی میں قتل کے بعد سرد مہری کا شکار ہو گئے تھے۔ترک صدر اردگان نے رواں سال اپریل میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔