پنجاب ضمنی انتخابات،پی پی کان لیگ کی حمایت کا اعلان

23 جون ، 2022

الاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں 17جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا، پیپلز پارٹی کے امیدوار کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیں گے، (ن) لیگ نے ضمنی انتخابات کے لئے حمایت پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سید حسن مرتضی کی صوبائی وزرا عطا اللہ تارڑ اور ملک احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔حسن مرتضی نے کہا کہ پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن) کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، مستقبل میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ انتخابی میدان میں سیاسی حریف ہی رہیں گی، مگر اس وقت ملکی ضرورت کے مطابق پیپلز پارٹی ن لیگ کے امیدواروں کی حمایت کرے گی۔حسن مرتضی نے کہاکہ تحریک انصاف کے لئے یہ الیکشن کافی مشکل ہوگا،کیونکہ عمران نیازی کی آن گرائونڈپوزیشن کوئی اچھی نہیں ہے،کل کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن ہے،جہاں جہاں پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے ہیں واپس لیں گے،وفاق اور پنجاب کے اندر ہماری مشترکہ حکومت ہے۔