یاسین ملک کی رہائی مہم تیز کرینگے،کشمیری مقامی ارکان پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے آگا ہ کریں ،راجہ نجابت حسین

23 جون ، 2022

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل )جموں کشمیرتحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں مانچسٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی سابق مشیر حکومت آزادجموں وکشمیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ تھے۔ راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم نے ساتھ ساتھ کمیونٹی آرگنائزیشن آف گریٹر مانچسٹر کے سر براہ سید اظہر حسین شاہ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور تحریکی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں اور استحکام پاکستان کے سلسلہ میں مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس اجلاس میں امجد حسین مغل، روبینہ خان، پامیلا اشرف ملک، نورین شہزاد، رضوان شاہ و دیگر نے شرکی کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکی جانب سے یاسین ملک کی رہائی کی مہم کی بھرپور حمایت کی جائے گی اور یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے وفد کو برطانیہ میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ راجہ نجابت حسین نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے اپنی تحریک کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں ہماری اعلیٰ سطح کی لابی مہم 20جولائی تک جاری رہے گی اور ہم مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں برطانوی پارلیمنٹ میں مضبوط لابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔ اس عرصہ کے دوران ہماری تحریک کے عہدیداران لابی مہم کو تیز کرتے ہوئے مقامی کمیونٹی ر ہنماؤں، کونسلرز، میئرز، لارڈ میئرز، برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور لارڈز کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کریں گے اور مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں تفصیلی بریفنگ دیں گے اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کریں گے وہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اور وہاں کی نازک ترین انسانی حقوق کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز بلند کرے اور عالمی برادری کو اپنے ساتھ ملا کر مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ قراردادوں کے مطابق اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق نکا لے۔مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر پائیدار بنیادوں پر حل کروا یا جائے اور اس خطے میں امن و امان کے فروغ کے سلسلہ میں اہم کردار ادا کیا جائے۔ہم اپنی تحریک کی جانب سے برطانیہ میں بسنے والے تمام کشمیریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے تمام مقامی ممبران برطانوی پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں خطوط تحریر کریں ای میل کریں اور انہیں مسئلہ کشمیر کی سنگینی کے سلسلہ میں آگاہ کرتے رہیں تا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں برطانوی پارلیمنٹ میں سوالات بھی اُٹھائیں اور مضبوط لابی مہم بھی چلائیں۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک کے عہدیداران برطانیہ بھر میں دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ اور ان کے باہمی تعاون کے ساتھ سوشل اینڈ کلچرل سرگرمیوں کا آغاز بھی کریں گے۔ہماری تحریک کے عہدیداران کشمیری رہنما یاسین ملک کی رہائی کے سلسلہ میں جاری مہم کو مزید تیز کریں گے اور پوری عالمی برادری تک کشمیریوں کی آواز پہنچائیں گے تا کہ نہ صرف کشمیری رہنما یاسین ملک کو بھارتی قید سے رہائی مل سکے بلکہ تمام کشمیری سیاسی راہنماؤں کی بھارتی جیلوں سے رہائی کو ممکن بنایا جا سکے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ چوہدری محمد سروربھی یاسین ملک کی رہائی مہم کے سلسلہ میں سرگرمیوں کا آغاز کر رہے ہیں اُن کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا اور تمام ہم خیال کشمیری تنظیموںکے ساتھ مل کر برطانیہ کے تمام شہروں میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہماری تحریک اگست، ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں برطانیہ بھر میں تمام کشمیری جماعتوں کو منظم کرنے کیلئے مختلف سرگرمیوں کا آغاز کرے گی اور اس سلسلہ میں برطانیہ بھر میں مقامی کمیونٹی راہنماؤں، کونسلرز، میئرز، لارڈ میئرز، برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور لارڈز کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی اور تحریک آزادی کشمیر کے سلسلہ میں اپنی جاری مہم کو مذید تقویت دینے کے لئے تقاریب کا انعقاد کیاجائے گا۔ لیبر پارٹی کانفرنس، کنزرویٹو پارٹی کانفرنس کے دوران مسئلہ کشمیر کو ان کی پالیسی کا حصہ بنانے کے لئے مضبوط لابی مہم کی جائے گی۔ برطانیہ کی سیاسی جماعتوں کے کشمیر دوست راہنماؤں کو تحریری مواد بھی دیا جائے گا تا کہ وہ اپنی اپنی جماعتوں کے اندر مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں عملی طور پر لابی مہم کو تیز کر سکیں اور مسئلہ کشمیر کو اپنی اپنی جماعتوں میں پالیسی کا واضح حصہ بنا سکیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں گیارہ سے زائد کشمیری نوجوانوں کی شہاد ت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس سلسلہ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو خطوط بھی تحریر کئے جائیں گے۔ آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے تعاون سے دو روزہ شہدائے کشمیر کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔