افغانستان ،زلزلے سے تباہی ،1000افراد جاں بحق ،سیکڑوں مکان منہدم ہر ممکن تعاون کرینگے، وزیر اعظم ، آرمی چیف

23 جون ، 2022

کابل/اسلام آباد(ایجنسیاں/ٹی وی رپورٹ) افغانستان میں رات گئے آنے والے 6.1 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی،1000سےزائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ،سیکڑوں گھر منہدم ہوگئے جبکہ کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ پکتیکا، خوست اور دیگر علاقوں میں ایک ہزار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ زلزلے سے ہونے والے حادثات میں سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے افغانستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے مختلف علاقوں میں زلزلے سے 600 سے زائد افراد زخمی ہوئےہیں،زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے،مزید اموات کا خدشہ بتایا گیا ہے، سب سے زیادہ تباہی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز خوست شہر سے 27 میل دور تھا اوراس کی گہرائی 31 میل تھی۔ زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل میں بھی محسوس کئے گئے۔حکام نے امدادی ٹیموں سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے کی اپیل کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 51 کلو میٹر تھی۔وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے سروسز چیفس نے بھی افغانستان میں نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا، پاک فوج افغان عوام کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔پاک فوج نے افغانستان میں زلزلہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے کی پیش کش کردی۔دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمارے حکام اور ادارے اپنے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر افغانستان کو مطلوبہ امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں، زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہوں۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں جانی نقصان پر میری دعائیں اور ہمدردیاں افغان عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔