سابق حکومتی عہدیدارو ں کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، افغان وزیر خارجہ

23 جون ، 2022

کابل (اے پی پی) افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ حکومت اپنے وطن واپس آنے والے سابق حکومتی عہدیداران اور سیاستدانوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، یہ وقت اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سب کو معاف کرنےکا ہے،ان خیالات کااظہار انھوں نے افغانستان واپس آنے والی بعض شخصیات کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں خون ریزی کا جواب خون ریزی سے نہیں دیا جاسکتا بلکہ بات چیت اور صلح رحمی سے امن قائم کیا جا سکتا ہے اور تمام تنازعات کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان شہریوں میں اعتماد سازی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین افغان حکومت کے سسٹم کو سراہتے ہیں لیکن واپس آنے والے افغان شہریوں کو غدار اور کرپٹ کہا جاتا ہے تاہم ہمیں اتنا معلوم ہے کہ ہمارے دشمنوں اور مخالفین کی سب سے بڑی سازش کی وجہ یہی ہے کہ افغان شہری متحد نہیں ہیں۔