PTI کی پریڈ گرائونڈ جلسہ کی تیاریاں ،قیادت عمران خود کرینگے

28 جون ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار،خصوصی نامہ نگار) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں 2 جولائی کے احتجاجی جلسے کی قیادت خود کرنے کا اعلان کر دیا ہے، گزشتہ روز تحریک انصاف کی اعلیٰ سطح سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران دکھائی دینے والی بدترین لاقانونیت کی مذمت، الیکشن کمیشن کی جانب سے صاف ، شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکامی اور پنجاب کے ضمنی انتخابات سے قبل دھاندلی کی شکایات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا،دوران اجلاس پریڈ گرائونڈ میں احتجاجی جلسے کے انعقاد کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی اور راولپنڈی و اسلام آباد کی تنظیموں کو بھرپور عوامی رابطے اور تیاریوں کی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ، ادھر پی ٹی آئی نے پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف احتجاج کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، عمر ایوب خان کو جلسہ انتظامیہ کمیٹی کا نگران مقرر کردیا گیا، گزشتہ روز اسدعمر کی زیر صدارت مرکزی ذمہ داران کا اجلاس ہوا جس میں احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور راولپنڈی ، اسلام آباد سے شہریوں کی احتجاج میں شمولیت کو سہل بنانے کی حکمت عملی کا خصوصی جائزہ لیا گیا ،اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام کی زندگی اجیرن بنا کر معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے ،علاوہ ازیں تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ عام کی اجازت کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست جمع کروا دی ہے ،علی نواز اعوان اور سینیٹر فیصل جاوید نے پیر کو ڈپٹی کمشنر آفس میں درخواست جمع کروائی ۔علی نواز اعوان نے کہا کہ 2 جولائی کو مہنگائی سے تنگ عوام باہر نکلے اور امپورٹڈ حکومت سے نجات کے لئے عمران خان کا ساتھ دے،سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوچکی ہے،اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 2 جولائی کی شب نکلیں اور چیئرمین عمران خان کا تاریخی خطاب سنیں۔