ہائیکورٹ فیصلہ، پارٹی پوزیشن تبدیل ،حمزہ شہباز مستعفی ہوجائیں ،فیاض چوہان

28 جون ، 2022

راولپنڈی (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین و سابق وزیر اعظم عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر و سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پرہائی کورٹ کے فیصلے کے بعدپنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن یکسرتبدیل ہو رہی ہے۔ صرف ایک ووٹ کا فرق رہ جانے سے حمزہ شہباز کو ازخود استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ موجودہ معاشی ، سیاسی اور جمہوری بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ ملک میں آزادانہ ، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کافوری اعلان کیا جائے۔ الیکشن کمیشن عملی طور پرحکومت کی بی ٹیم بن چکا ہے۔ 17جولائی کو پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات الیکشن کمیشن کا آخری امتحان ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی روش نہ بدلی تو چیف الیکشن کمشنر کی تبدیلی کی تحریک چلائی جائے گی۔ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے دھاندلی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزپریس کانفرنس کے دوران کیا۔ فیاض چوہان نے کہا کہ ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دے کر پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ الیکشن کمیشن ناجائز حکومت کی تشکیل،گورنر پنجاب کی تنزلی اورغیر قانونی بجٹ سمیت دیگر اقدامات کے خلاف ہماری درخواستوں پر بھی آئین و قانون کے مطابق فوری فیصلہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ مخصوص نشستوں پر نئے ممبران کی نامزدگی کے بعدپنجاب اسمبلی میں اس وقت تحریک انصاف کے پاس 163 ، ق لیگ کے پاس 10نشستیں جبکہ ن لیگ کے پاس 165نشستیں ہیں۔ اس طرح صرف ایک ووٹ کا فرق رہ گیا ہے لہٰذا حمزہ شہباز کو ازخود استعفیٰ دے دینا چاہئے۔