سی ڈی ڈبلیو پی کااجلاس، 34.8ارب کے 13منصوبے منظور

28 جون ، 2022

اسلام آباد(نامہ نگار) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے پیر کو ہونے والے اجلاس میں 34.8 ارب روپے کے 13 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جبکہ 107.5 ارب کے 6 منصوبے منظوری کے لئے قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) میں بھیجنے کی سفارش کی ہے۔ وزارت مواصلات، وزارت ریلوے، وزارت آبی وسائل، پاور ڈویژن، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت آئی پی سی سے متعلق 19 ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا ، اجلاس کی صدارت سیکرٹری منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ نے کی ۔ جن 13 منصوبوں کو منظور کیا گیا ان میں 2,322.940 ملین روپے کی لاگت سے جیوانی سے گوادر تک 132KV ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر، 3014.128 ملین روپے کی لاگت سے ایڈز، ٹی بی، ملیریا کے لیے مشترکہ انتظامی یونٹ کا قیام، 2575.631 ملین روپے کی لاگت سے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروجیکٹ کا قیام ،600 ملین روپے کی لاگت سے نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کا قیام، 699.85 ملین روپے کی لاگت سے سنٹر آڈواسڈ سٹڈیز ان فزکس، گورنمنٹ کالج یورنیورسٹی لاہور کا قیام اور دیگر منصوبے شامل ہیں. فورم نے 44,720.00 ملین روپے کی لاگت سے مظفرآبا د-مانسہرہ روڈ کی تعمیر ایکنک کو منظوری کے لیے سفارش کی. اس منصوبے میں مانسہرہ ، مظفرآباد کو ملانے والی 26.6 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کا تصور کیا گیا ہے۔