پارلیمنٹ ڈائری، MQM، باپ اور 2آزاد ارکان کی خفگی پر حکومت بے چین

28 جون ، 2022

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) ایم کیوایم بلوچستان کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) اور دو آزاد ارکان اسلم بھوتانی (بلوچستان)محسن داوڑ (سابق قبائلی علاقہ جات) کی طرف سےاچانک خفگی کے اظہار نے حکمرانوں کو سراسیمہ نہیں کیاتو وہ بےچین ضرور ہوگئے ہیں۔ قومی اسمبلی کی سابق اسپیکرڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور جی ڈی اے میں انکی ہم نشین محترمہ سائرہ بانو سندھ کے بلدیاتی انتخابات کو لیکرآتش پا تھیں اسپیکرراجہ پرویز اشرف نے حزب اختلاف کی دونوں خالص آوازوں کو ایوان میںابھرنے نہیں دیا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ان انتخابات میں صوبے کی حکمران پیپلزپارٹی کی چیرہ دستیوں اور دھاندلی کو بے نقاب کرنے کی خواہاں تھیں اور انکے کہنے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسپیکرنے انکی آواز کو بل ڈوز کردیا۔ قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کا عمل شروع ہوگیاہے۔ پیر کو اجلاس زیادہ طوالت اختیار نہیں کرسکا وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی ارکان کے اعزاز میں عشائیہ ترتیب دے رکھاتھا جہاں ارکان کو بھاگم بھاگ پہنچنا تھا یوں بھی موسمی بجٹ کی منظوری کے ایام میں ارکان کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانوں اور عشائیوں کا باقاعدہ سےاہتمام ہوتا تھا اس مرتبہ ’’تنگدستی‘‘ نے اس روایت کو بھی نگل لیا ہے، وزیراعظم کا خانوادہ وسیع دسترخوان کے لئے شہرت رکھتا ہے آج وہ کفایت شعاری پر مائل تھے۔ وزیردفاع خواجہ محمد آصف کینیڈا کی پارلیمنٹ کے ا یک رکن جو حزب اختلاف کا ڈپٹی لیڈر بھی بتایا جاتا ہے پاکستان، اسکے عسکری اداروں اور مسلح افواج کے سربراہ کیخلاف ہرزہ سرائی کامرتکب ہوا ہے خواجہ آصف جو مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی کے گروپ لیڈر ہیں واضح کیا کہ وہ پارلیمنٹ خواہ کسی بھی ملک کی ہو اس کی عزت کرتے ہیں کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہمیشہ بہت خوشگوار رہے ہیں کینیڈا کی پارلیمنٹ کے رکن نے انسانی حقو ق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرکے پاکستان اور اسکے اداروں کو برا بھلاکہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران نے نفرت اور زہر پھیلانا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ عمران نے پورا وقت دوسروں کو گالیاں دیں،انہوں نے ہر وقت جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ماضی میں سیاستدانوں کے باہم اختلافات ہوتے تھے ان سیاسی اختلافات کے باوجودہمارے تہذیبی اور سماجی رشتے تباہ نہیںہوتے تھے عمران نے تمام اداروں کو اپنے مخالفوں کے خلاف استعمال کیا بری فوج کے سربراہ کی ذات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری حکومت نے اپنی تین ماہ کے اقتدار میں کسی کے گریبان پر ہاتھ نہیں ڈالا ۔ جماعت اسلامی کے مولانا عبدالاکبر چترالی نے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کو آڑے ہاتھوں لیا جنہوں نے پچھلے ہفتے انہیں دھمکی دی تھی کہ ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے سردارایاز صادق کو چیلنج کیا کہ وہ ان کے خلاف ریفرنس لائیں وہ سود کے خلاف اپنے جہاد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔ وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے ایوان کی رونق میں اضافہ کرنے سے گریز کیا۔ محسن داوڑ نے اپنے زیر حراست دوسرے قبائلی رکن علی وزیر کو پروڈکشن آرڈرجاری کئے جانے کے باوجود قومی اسمبلی میں یہ کہہ کر لانے سےانکار پر احتجاج کیا کہ اب وہ سفر کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ ایم کیوایم پاکستان نے شکوہ کیا کہ سالانہ ترقیاتی اسکیم میں ان کے پیش کردہ منصوبوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے چوتھی مرتبہ قومی اسمبلی میں اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے استدعا کی کہ سابق وزیرخارجہ اور تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ایوان میں کھڑے ہوکر اس کی رکنیت سے استعفی دیا تھا جسے منظور کرنے کا اعلان کیا جائے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ان کی درخواست کو سنی ان سنی کردیا۔