صدر علوی کی انشورنس کمپنی کو اپنے صارف کو 21لاکھ روپےادا کرنےکی ہدایت

28 جون ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک نجی انشورنس کمپنی کو اپنے صارف کو 21 لاکھ روپے آتشزدگی انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت کی اور بدانتظامی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے وفاقی انشورنس محتسب کے فیصلے کے خلاف ایشیا انشورنس کمپنی کی درخواست مسترد کردی ہے۔صدر مملکت نے کہا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ سے تقریباً 21 لاکھ روپے کا نقصان ہوا مگر صارف کو جائز رقم ادا نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انشورنس کمپنی نے لاہور میں طحہٰ محد انٹرپرائزز کو آگ لگنے کے وقت انشورنس پالیسی کے نافذ نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ادائیگی سے انکار کیا جس پر شکایت کنندہ نے انصاف کے حصول کیلئے وفاقی انشورنس محتسب کے پاس اپیل دائر کی۔محتسب نے شکایت کنندہ کے دعوے کو تسلیم کیا اور کمپنی کو 30 دن میں کلیم ادا کرنے کی ہدایت کی تاہم انشورنس کمپنی نے فیصلے کی تعمیل کرنے کے بجائے صدر مملکت کو درخواست دی جسے صدر مملکت نے مسترد کردیا ہے۔