جوہری وحیاتیاتی ہتھیار ، ڈیلیوری سسٹم پاکستان کی نظرثانی کنٹرول لسٹیں جاری

28 جون ، 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان نے جوہری اور حیاتیاتی ہتھیاروں اور ان کے ڈیلیوری سسٹمز ایکٹ 2004سے متعلق سامان، ٹیکنالوجیز، مواد اور آلات پر برآمدی کنٹرول کے تحت پاکستان کی حکومت نے اشیاء، ٹیکنالوجی، مواد اور آلات کی نظرثانی شدہ کنٹرول لسٹیں جاری کی ہیں جو سٹریٹجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن لائسنس کے تابع ہیں۔ یہ ایکٹ حکومت کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ جوہری اور حیاتیاتی ہتھیاروں اور ان کی ترسیل کے نظام سے متعلق سامان، ٹیکنالوجی، مواد اور آلات کی برآمد، دوبارہ برآمد، ٹرانس شپمنٹ اور ٹرانزٹ کو کنٹرول کرسکے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے پیر کوجاری بیان میں کہا کہ سٹریٹجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن نے باقاعدگی سے جائزہ لینے کے عمل کے ایک حصے کے طور پر دیگر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ مشاورت سے کنٹرول لسٹوں میں ترمیم/اپ ڈیٹ کی ہے۔ نظرثانی شدہ کنٹرول لسٹوں کو گزٹ آف پاکستان ایس آر او کے ذریعے اس سال 12 اپریل کو جاری کردیا گیا ہے۔