پی ٹی آئی کو چابی لگتے ہی ملک میں گالیوں کا کلچر عام ہوگیا، شرجیل میمن

28 جون ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) صوبائی وزیر اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں گالی گلوچ کا کلچرل نہیں تھا جب سے پی ٹی آئی کو چابی لگی ملک میں گالیوں کا کلچرل عام ہوگیا ، جس نے جتنی بڑی گالی دی اس کو اتنی بڑی وزارت سے نوازا گیا اور تمغے دیئے گئے ، جب مخالف جماعتوں سے ان کے خلاف کوئی بات کرتا تو ان کو جیلوں میں ڈالا گیا اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ہماری جماعت نے ہمیشہ صحافیوں فلاح و بہبود کیلئے اسکیموں پر کام کیا ہے، صحافیوں کو لائف انشورنس کی سہولت دینے جارہے ہیں رجسٹرڈ صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ اور انشورنس دی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بد تمیزی کا طوفان برپا کیا ہوا ہے، اپنے سیاسی مخالفین کی پگڑیاں اچھالتے ہیں۔ اب تو قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر گھناؤنی سازشیں شروع کردیں ہیں ۔ ملک کے اہم اداروں اور ان کے سربراہان کو نشانہ پر رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قول و فعل میں ہمیشہ سے تضاد ہے جوکہ عوام نے دیکھ لیا ۔ لندن کے میئر کے انتخاب میں یہاں سے پی ٹی آئی کے سربراہ لندن گئے اور ایک مسلمان اور پاکستانی نژاد صادق خان کے مقابلے میں ایک اسرائیلی کی انتخابی مہم چلائی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مذہب کارڈ استعمال کیا اور امریکا مخالف جذبات کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا ، پی ٹی آئی حکومت کے خلاف کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہوئی ، جن اتحادیوں کو انہوں نے ڈرا دھماکر اپنے سات رکھا ہوا تھا وہ ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے ۔ یہ ایک بار کلمہ پڑھ کر کے بتا دیں کیا یہ سازش کے تحت نکلے ہیں یا نا اہلی کی وجہ سے نکلے ہیں۔