بین الاقوامی پابندیاں، روس 10کروڑ ڈالر سود کی ادائیگی میں ناکام

28 جون ، 2022

ماسکو (اےا یف پی، مانیٹرنگ نیوز)بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے روس 10کروڑ ڈالر سود کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہا جس پر اسے ڈیفالٹ کہا جارہا ہے تاہم ماسکو کے مطابق صورتحال کو ڈیفالٹ کہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے،ہمارے پاس10 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کے لیے رقم تو ہے اور ہم ادا کرنے کے لیے تیار بھی ہیں لیکن پابندیوں کی وجہ سے یہ رقم بین الاقوامی قرض دہندگان تک پہنچانا ناممکن ہو گیا ہے، ہم نے مئی میں رقم جاری کردی تھی اسے یوروکلیئر نے بلاک کیا ۔خیال ہے کہ روس 1998 کے بعد پہلی بار مقررہ وقت پر قرض کی ادائیگی نہیں کر سکا ہے۔ غیرملکی میڈیا کےمطابق 10کروڑ ڈالر زسود کی ادائیگی 27مئی کو ہونی تھی، روس کا کہنا ہے کہ یہ رقم یوروکلیئر کو بھیجی گئی تھی، جو ایک بینک ہے جو سرمایہ کاروں میں ادائیگی تقسیم کرے گالیکن بلومبرگ نیوز کے مطابق، وہ ادائیگی وہاں پھنس گئی اور قرض دہندگان کو رقم نہیں مل پائی۔ دوسری طرف کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نےڈیفالٹ کرجانے کے دعوؤں کو مسترد کر تے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اس صورتحال کو ڈیفالٹ کہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے،روس نے مئی میں بانڈ کی ادائیگیاں کی تھیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ روس پر مغربی پابندیوں کی وجہ سے انہیں یوروکلیئر نے بلاک کر دیا تھا جو کہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔