تبدیلی کے نام پر تجربے نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا‘ صادق عمرانی

30 جون ، 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ معیشت کی زبوں حالی کے اس ذمہ دار نظریہ ضرورت کے وہ علمبردار ہیں جو بارہا ایسے مند پسند چہرے اور آئین و قانون سے ماروا نظام مسلط کرتے چلے آئے ہیں۔ قوم پر ایک بار چور مچائے شور والا فارمولا آزمایا جارہا ہے عوام کی توجہ اصل حقائق سے دوسری جانب مبذول کروا کر اداروں کو ایسی سردجنگ میں جھونک کر آئین سے کھلواڑ کیا جاتا رہا ہے یہی وہ بنیادی وجہ ہے کہ آج 70برس گزرنے کے باوجود ادارے اپنے مطلوبہ اہداف کے حصول سے کوسوں دور ہیں۔ ملکی تاریخ کا بڑا حصہ مسلط کردہ آمریتوں پر محیط رہا ہے ان مسلط کردہ ادوار حکومت میں آئین کو شجرممنوعہ قرار دے کر ایسے اقدام کو فروغ دیا گیا جن سے قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا اور ہم ایک جھنڈے تلے متحد ہونے کی بجائے ٹکڑوں میں بٹے رہے۔ قومی شہداء کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہم ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت تو بن گئے مگر ان کے بعد مسلط کردہ مصنوعی قیادتوں کی نااہلی اور اناپرستی کی وجہ سے ہم پر معاشی یلغار مسلط کردی گئی جس کا آج قوم کو سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا لیبل لگا کر حالیہ کئے جانے والے تجربے نے معیشت کے ساتھ ہماری نظریاتی اکائیوں تک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اگر ان حالات کے گمبھیر ہونے کا بروقت ادراک نہیں کیا جاتا اور ملک کی حقیقی سیاسی قوتیں میدان عمل میں نہ اترتیں تو سامراجی طاقتوں کی راہ میں حائل تمام تر رکوٹیں دور ہوجاتیں اور عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور رہے گا اس میں نقب لگانے اور اسے ڈھالنے کا خواب دیکھنے والے جلد اپنے منطقی انجام سے دوچار ہوں گے۔