روس میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کی فراہمی میں تعطل ختم

30 جون ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاکستان پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی طرف سے روس میں مقیم پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں قدرے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا‘ ا س امر کا انکشاف روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے کے اندر آن لائن کھلی کچہری کے دوران پاکستانیوں نے کیا۔ اس موقع پر سفارتخانے میں تعینات ڈپٹی ہیڈ آف مشن رانا ثمر جاوید نے روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل آن لائن سنے اور انہیں پاسپورٹ کی فراہمی سمیت مختلف امور پر فوری طور پر رہنمائی فراہم کی۔ جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ روس میں کوریئر سروس میں تعطل کی وجہ سے اسلام آباد پاکستان سے بھجوائے گئے پاسپورٹس کی فراہمی میں کچھ مسائل تھے جو اب ختم ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے کچھ متبادل ذرائع اختیار کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔