سلامتی کونسل کشمیر جیسے تنازعات سے متعلق قرار دادوں پر سنجید گی سے عملدر آمد کرے، پاکستان

30 جون ، 2022

نیو یارک(نیٹ نیوز) پاکستان نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر جیسے طویل مدتی تنازعات سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدگی سے غور کرے اور بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 15رکنی سلامتی کونسل کو مزید شفاف، جوابدہ، جامع اور جمہوری بنایا جانا چاہیے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندہ عامر خان نے سلامتی کونسل کے کام کرنے کے طریقہ کار پر بحث کے دوران کہا کہ سلامتی کونسل کی ساکھ کے لیے اس کی قراردادوں پر ’’سلیکٹیو‘‘ عمل درآمد اور عدم نفاذ سے زیادہ نقصان دہ کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی اس کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور تنازعات کے پیسفیک حل کے لیے ریاستوں اور عوام کے عزم کو ختم کردیتی ہے۔انہوں نے سلامتی کونسل کی جامع اصلاحات پر جنرل اسمبلی کے بین الحکومتی مذاکرات (آئی جی این ) کے عمل کے ذریعے جلد اتفاق رائے کی امید ظاہر کی اور اس دوران اس کے کام کرنے کے طریقوں میں بہتری لانے پر زور دیا۔