جمعیت نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کے نام طلب کرلیے

30 جون ، 2022

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹوں اور تحصیلوں کا نمائندہ اجلاس ضلعی امیرمولانا عبد الرحمن رفیق کی صدارت میں ہوا جس میں ضلع بھر کے یونٹوں اور تحصیلوں کے امرا ونظما نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس میں بلدیاتی انتخابات اور افغانستان کے زلزلہ زدگان کے متعلق اہم فیصلے ہوئے جس کے مطابق ضلعی جماعت نے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کے 84 اورکوئٹہ ڈسٹرکٹ کونسل کے 108 نشستوں کیلئے یونٹوں سے امیدواروں کے نام طلب کرلئے، جس کے مطابق تمام یونٹوں کوپابند کیا گیا کہ 5جولائی تک امیدواروں کے نام ارسال کریں، 30جون کو اقلیتی برادری کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا، یکم جولائی کو کوئٹہ پریس کلب میں ممتاز سیاسی وسماجی شخصیت میر عابد لہڑی ساتھیوں سمیت جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں امارت اسلامیہ افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں ہولناک زلزلے کے متعلق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے حکم اور صوبائی امیر مولانا عبد الواسع کی ہدایات پر یکم جولائی کو کوئٹہ کی تمام مساجد میں چندہ اکھٹا کیا جائےگا ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹوں کے امراء ونظما اور شہر کے آئمہ وخطبا حضرات سےبھی اپیل کی ہے کہ جمعہ کی نماز کے خطبات میں اس موضوع پر عوام الناس کی ذہن سازی کرکے انہیں تعاون پر آمادہ کریں اس سلسلے میں یونٹوں کے امراء ونظما اور ذمہ داران نے یونٹوں کی سطح پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے فیصلے کے مطابق امدادی سامان رقوم اجناس اشیا خوردونوش کو بروقت بالائی جماعت کے ذریعے افغانستان پہنچایا جائے گا،جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے نمائندہ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے یونٹوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور ووٹرز لسٹوں میں ردوبدل پر تحفظات اور شکایات ضلعی جماعت کو پیش کیں جس پر الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سائلین کی درخواستوں پر دوبارہ عمل شروع کرکے ان کے ووٹ متعلقہ حلقوں میں منتقل کیا جائے۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ اور ارکان عاملہ بھی موجود تھے۔