لاپتہ افراد کے کوائف کے سلسلے میں پولیس کا بی این پی رہنمائوں سے رابطہ

30 جون ، 2022

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر غلام نبی مری، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ، ضلعی ہیومن رائٹس سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ، مرکزی سوشل میڈیا کمیٹی کے ممبر اسد سفیر شاہوانی،چاغی کے رہنما شیر دل مجاز بلوچ، ضلعی کونسلر ملک علی اصغر شاہوانی، عین اللہ شاہوانی سے ڈی ایس پی کچلاک عبدالستار اچکزئی اوراے ایس آئی سعیداحمد کاکڑ نے لاپتہ افراد کے کوائف جمع کرنے کے سلسلے میں ملاقات کی،یاد رہے کہ بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے گزشتہ روز وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو بلوچستان سے پانچ ہزار سے زائد لاپتہ افراد کی فہرست دی تاکہ انہیں بازیاب کرایاجائے اور اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے سردار اختر مینگل کی فراہم کردہ لاپتہ افراد کی فہرست کمیشن کے پاس بھیج دی جس پر کمیشن جو کئی سال سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے کام کررہا ہےاس سلسلے میں کمیشن کی ہدایت پر لاپتہ افراد کی مکمل معلومات کے سلسلے میں بی این پی کی قیادت سے رابطہ کیا تاکہ جلد معلومات جمع کرکے کمیشن کو آگاہ کیا جاسکے، بی این پی کے مرکزی اور ضلعی رہنمائوں نے کہا کہ کمیشن اور پولیس کےساتھ مکمل تعاون کیا جائے گاکیونکہ بی این پی نے ہمیشہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے موثر آواز بلند کی ،بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے افراد کے لواحقین جو بازیاب ہوئے یا ابھی تک لاپتہ ہیں وہ پارٹی کے ہیومین رائٹس سیکرٹری سے رابطہ کریں۔