سودی معیشت کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رہے گی،جماعت اسلامی

30 جون ، 2022

کوئٹہ(پ ر)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک کی خودمختاری کا سودا اور نوجوانوں کا مستقبل گروی رکھ دیا۔ سودی معیشت کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رہے گی ۔پاکستان کے حکمران،اسٹیبلشمنٹ ملک اورعوام کے نہیں ذاتی مفادات کیلئے کوشاں ہیں۔عوام ان لٹیروں کو مسترد کرتے ہوئے دیانت دار دین دار لوگوں کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ عجوبہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ حکمرانوں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں اور عوام کے پاس دو وقت کی روٹی کے لیے وسائل دستیاب نہیں۔ جب بھی مشکل وقت آتا ہے تو دولت کے ڈھیر پر بیٹھے حکمران، کارخانوں کے مالک، ٹیکس چور اور کرپٹ سرمایہ دار غریبوں سے تقاضا کرتے ہیں کہ قربانی دیں۔وفاق اوربلوچستان کے حکمران اپنے اثاثوں کا دس فیصد ہی ملک کو دینے کے لیے راضی ہو جائیں مسائل میں بہت کمی آئیگی ۔انہوں نے کہاکہ حکمران کب تک غریب عوام تاجر مزدور محنت کش اور غریب عوام کی قربانیاں مانگتے اور ان کا مذاق اڑاتے رہیں گے، کوئی چائے کم پینے کے مشورے دے رہا ہے، تو کوئی کہتا ہے کہ ایک وقت کی روٹی کم کرو۔ غریب اپنا خون بھی ملک کو دے دیں، توحالات ٹھیک نہیں ہو سکتے جب تک یہ ظالم سرمایہ دار طبقہ خود قربانی نہیں دیتا۔