سوداللہ اور رسول ﷺسے جنگ، بربادی کا نظام ہے،ملی یکجہتی کونسل

30 جون ، 2022

کوئٹہ(پ ر)صدرملی یکجہتی کونسل بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی،جنرل سیکرٹری سیدمومن شاہ جیلانی،سینیئرنائب صدرعلامہ سیدہاشم موسوی، نائب صدورڈاکٹرعطا الرحمان ، مولانانوارلحق حقانی ، مولاناہدایت الرحمان بلوچ،علامہ اکبرحسین زاہدی ،رانامحمداشفاق،سیدعتیق الرحمان،مولانا عبدالکبیر شاکر،علامہ مقصودعلی ڈومکی اورنجیب الرحمان ساسولی نے کہاہےکہ سوداللہ اور اس کے رسول سے جنگ ،معیشت کیلئے تباہی وبربادی ،کاروبار سے برکت ،زندگی سے سکون چھیننے والا بربادی نظام ہے جسے کسی صورت کوئی کلمہ گو تسلیم نہیں کرتا۔ سودی نظام نے ملک وقوم اور معیشت کو سخت نقصان پہنچاہے ۔ملی یکجہتی کونسل نے ان اطلاعات پر کہ حکومت نے وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خلاف فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ سودی نظام کو تقویت دینے سے باز رہیں، اگر ایسا ہوا تو یہ آئین پاکستان سے بغاوت تصورکیا جائے گا۔ سود اللہ اور رسول کے ساتھ جنگ ہے، اگر حکمرانوں نے اللہ تعالیٰ کے ساتھ جنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیاہے توملی یکجہتی کونسل ،دینی قوتیں علمائے کرام ملکر اس ظلم وجبر کے خلاف بھر پور جدوجہد کریں گی۔ ملی یکجہتی کونسل کے ذمہ داران نے علمائے کرام،دینی قوتوں ،آئمہ و خطبا مساجد سے اپیل کی کہ وہ یکم جولائی کے جمعة المبارک کے خطابات میں سودی نظام کو تحفظ دینے والے عناصر بالخصوص سپریم کورٹ میں سود کے حق میں اپیل کرنے والے سٹیٹ بنک اور دیگر بنکوں کی مذمت کریں اور قرآن و سنت کی روشنی میں سود کے نقصانات سے قوم کو آگاہ کریں۔ اسی طرح سودی نظام کے محافظ بنکوں حبیب بنک، یو بی ایل، نیشنل بنک، مسلم کمرشل بنک کا مکمل بائیکاٹ کی اپیل کریں۔ ان بنکوں کے کھاتے داروں کی یہ شرعی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بنکوں سے اپنے اکاؤنٹ نکال لیں۔ سود خوروں کے خلاف اللہ اور رسول کی طرف سے اعلان جنگ ہے اور ہم اس جنگ میں اللہ اور رسول کے ساتھ ہیں۔ 70سال سے قرآن و سنت اور آئین و قانون سے انحراف کا نظام ناکام ہو گیا ہے۔ ریاستی اداروں کا عوام پر مسلط کردہ ڈاکٹرائن فرسودہ اور عذاب بن گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملی یکجہتی کونسل استعماری قوتوں کی حاکمیت اور انسانوں پر انسانوں کی حاکمیت ختم کر کے ایک اللہ کی حاکمیت اور نظام مصطفی کا غلبہ لانا چاہتی ہے۔