کوئٹہ ، فائرنگ کے واقعات میں باپ بیٹے سمیت5افراد ہلاک ،2زخمی

30 جون ، 2022

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں زمین کے تنازع اور پرانی دشمنی پر فائرنگ کے واقعات میں باپ بیٹے سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ2 راہگیر زخمی ہو گئے، پولیس کے مطابق مغربی بائی پاس کے علاقے سردار کاریز میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں زمین کی رکھوالی کرنے والے دو چوکیدارصفی اللہ ٗ اعجاز احمد اوردوسرے گروپ کا بنگو خان جاں بحق ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پرپہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، پولیس نے بتایا کہ مسلح افراد زمین پر بنائی گئی دیواریں گرا رہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا جبکہ پولیس کے مطابق دوسرا واقعہ سمنگلی روڈ سی پیک کراس کے قریب پیش آیا ،سبزل روڈ کا رہائشی گل محمد اپنے بیٹے راشد کے ہمراہ بدھ کی شام کو سمنگلی روڈ سی پیک کراس کے قریب دکان کے سامنے بیٹھے ہوئے تھے کہ نامعلوم گاڑی سوار ان پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹا اور دو راہگیر کامران اور فضل محمد زخمی ہو گئے اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جہاں باپ گل محمد اور اس کا جوانسال بیٹا راشد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئےجہاں باپ بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں پولیس نے بتایا کہ واقعہ دشمنی کے باعث پیش آیا دو سال قبل مقتول گل محمد کے بیٹے محبوب کو بھی قتل کیا گیا تھا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔