حقیقی جمہوریت اور عوام کا حق حکمرانی ہی ملک کا مستقبل ہے‘ پشتونخوامیپ

30 جون ، 2022

کوئٹہ( پ ر) پشتونخوامیپ کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی سیکرٹری ورکن اسمبلی نصراللہ زیرے اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے تختانی بائی پاس میں حاجی روز الدین اچکزئی اور ان کے درجنوں افراد کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاجی روزالدین اچکزئی نے اپنی جماعت میں آکر قابل تحسین قدم اٹھایا ہے اور عوام کی تمام امیدیں پشتونخوامیپ سے ہی وابستہ ہیں، عوام انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، پانی کی شدید قلت ،گیس پریشر کی کمی ، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ، مہنگائی ، بدامنی ، بیروزگاری جیسے بنیادی مسائل سے عوام ذہنی کوفت کا شکار بن چکے ہیں۔ عوام ووٹ کی پرچی کی طاقت اور اس کے درست استعمال سے ہی حالات زندگی بدل سکتے ہیں ، پشتونخوامیپ کی تاریخ طویل جدوجہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور اس راہ میں سالار شہداء خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی سے لیکر ملی شہید تک نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔ اجتماع سے حاجی روزالدین خان اچکزئی ، جمشید خان دوتانی ، حمد اللہ بڑیچ، نعیم خان اچکزئی، عبدالخالق آغااور عبدالعلی اچکزئی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہاکہ خان شہید کی شروع کردہ تحریک نے سیاسی جمہوری تحریک کی بنیاد رکھ کر فرنگی سامراج کے خلاف آزادی کا علم بلند کیا اور فرنگی سامراج کو نکالنے اور آزادی کے حصول کی راہ میں تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے ناقابل فراموش قربانیاں دیں ۔ فرنگی استعمار کونکالنے کے بعد بھی خان شہید نے آمر حکمرانوں اور ان کے کاسہ لیسوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے ملک میں ون مین ون ووٹ ، عوام کے حق حکمرانی ، آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی خودمختیاری ، قوموں کی برابری کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد محمود خان اچکزئی نے سالہا سال سے یہ بیانیہ پیش کرتے ہوئے طویل عرصے تک حکمرانوں پر یہ واضح کیا کہ ملک کا استحکام اور ترقی وخوشحالی کا راستہ یہی ہے کہ حقیقی جمہوریت قائم کرنے ،شفاف انتخابات آئین و قانون کی حکمرانی ، قوموں کی برابری اور سماجی عدل وانصاف پر مبنی نظام ہی ملک کو مزید مستحکم کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ خان شہید کے بیانیہ کی روشنی میں آج ملک کی مکمل اکثریت کی سیاسی جمہوری قوتیں اس بات پر متفق ہوچکی ہیں کہ ملک کا بہترین مستقبل حقیقی جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حق حکمرانی کو عملاً ہر شعبہ زندگی میں تسلیم کرنے میں ہے اور سٹیبلشمنٹ کی جانب سے سیاست میں حصہ نہ لینے اور سیاسی امور میں مداخلت سے گریز کی پالیسی کا اعلان خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں درپیش مشکلات سے نجات کیلئے پشتونخوامیپ نے ہمیشہ جدوجہد کرتے ہوئے بھرپور آواز بلند کی اور آج پشتونخواوطن میں سیاسی بیداری اور قومی دلیری کی جو لہر موجو د ہے وہ سالار شہداء خان شہید کے ویژن اور تاریخ ساز قربانیوں کی مرہون منت ہے جس نے پشتون قومی تحریک اور ملک کی سیاسی جمہوری تحریکوں کو حقائق پر مبنی راہ دکھائی اور آج ہمارے عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں جو حقوق حاصل ہیں وہ خان شہید کے ویژن جدوجہد اور پارٹی قیادت اور ان کے کارکنوں کی تاریخ ساز جدوجہد کا ثمر ہے۔