2018 میں مجھے صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر ہروایاگیا، شاہ محمود کا اپنی ہی پارٹی پر سازش کا الزام

30 جون ، 2022

ملتان (نمائندہ جنگ)وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اپنی ہی پارٹی پر ان کے خلاف سازش کرکے الیکشن ہروانے کا الزام لگادیا۔ ملتان کے حلقہ پی پی217 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کی جاری مہم کے دوران ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سال 2018 کے جنرل الیکشن میں میری پارٹی نے ہی میرے خلاف سازش کرتے ہوئے مجھے صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے ہروایا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس سازش سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑا، وہ وزیر خارجہ بن گئے، مگر ملتان کو اور جنوبی پنجاب کو فرق پڑا، اس بارے میں عمران خان کو بھی بتایا تھا کہ اگر میں جیت جاتا تو پنجاب کی یہ حالت نہ ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے مجھےکہا کے ضمنی الیکشن میں مت لڑاؤ زین کو، وائس چئیرمین کا بیٹا ہارگیا تو بے عزتی ہوگی، میں نے ان سےکہا کہ کچھ جنگیں صرف جیتنے کے لیے نہیں لڑی جاتیں۔قوم پر عیاں ہو چکا ہے کہ حکومت آنے پر ن لیگی قیادت کی طبیعت بحال ہو جاتی ہے۔ حکومت جانے پر طبیعت بگڑ جاتی ہے ملک اس وقت غیر یقینی صورتحال میں ہے۔ معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی۔ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔