کمشنر آفس میں اعلیٰ سطح اجلاس، KE کی رات میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی

30 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے پورے شہرمیں رات کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی کرادی تاہم شہر میں بدھ کو بھی آٹھ سے بارہ گھنٹے تک بجلی کی بندش جاری رہی‘ لوگ رات کو آرام کر سکے نہ دن کو اپنا کاروبار‘بد ترین لوڈشیڈنگ کے باعث تمام شعبہ جات متاثر‘شہری گرم موسم میں بے حال رہے۔دریں اثناوزیر اعلی سندھ کی ہدایت پرکمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کراچی میں بجلی کے بحران کے حل کے لئےدوسرے روز بھی اعلی سطح کا اجلاس اپنے دفتر میں طلب کیا ‘اجلاس میں کمشنر کراچی نے عوامی نمائندوں اور شہریوں کی سہولت کے لئے ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندے‘اہل علاقہ اور متعلقہ اداروں کے افسران شامل ہونگے جو کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کرینگے‘ کمشنرنے کہا کہ بجلی کے بحران کو ہر قیمت پر حل کرنا ہوگا۔