سیکورٹی فورسز نے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ

30 جون ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو بہت بڑے چیلنجز تھے بالخصوص دہشت گردی ، دہشت گردوں نے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی اپنا تسلط جمالیا تھا لیکن ہمارے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کے اہل خانہ کو سلام جنہوں نے وطن کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز مقامی ہوٹل میں CLICKCOM اور LCA سندھ کے سید کمیل شاہ کے زیراہتمام ’’سلام سپاہی جوان، زندہ باد پاکستان‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اس پروگرام کے مہمان خصوصی نہیں لیکن اصل مہمان خصوصی یہاں بیٹھے ’’شہداء‘‘ کے ورثا ء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے بیٹوں، بھائیوں کی قربانیاں دی ہے اور آپ میں سے کچھ صرف ملک کی سالمیت اور وقار کیلئے اپنے شوہروں کی قربانی دے کر بیوہ ہو گئی ہیں، یہ کوئی معمولی قربانی نہیں بلکہ پوری قوم کی جانب سے آپ نے اس ملک کی خاطر بڑی قیمت ادا کی ہے۔