لاپتہ افراد سے متعلق بل تاحال لاپتہ ہے،چیئرمین کمیٹی

30 جون ، 2022

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق میں لاپتہ افراد سے متعلق بل تاحال لاپتہ ہونے کا انکشاف ہے،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے اجلاس میں لاپتا افراد سے متعلق بل کے لاپتا ہونے پر سوالات اٹھا ئے تووزارت انسانی حقوق کے عہدیدار بھی بل سے متعلق لاعلم نکلے،چیئرمین قائمہ کمیٹی ولید اقبال نے کہا کہ لاپتا افراد سے متعلق بل تاحال لاپتا ہے، سیکرٹری قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق رابعہ انور نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد سے متعلق بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا ہے اور وزارت داخلہ اور پارلیمانی امور کو کہا ہے کہ سینیٹ سیکریٹریٹ کے ساتھ معاملہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزارتوں کو کہا ہے کہ لاپتا افراد سے متعلق بل تلاش کریں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس تحریک انصاف کے سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت پا رلیمنٹ ہائوس میں ہوا، جس میں سیاستدانوں اور سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں، اغوا اور ہراساں کرنے کے معاملہ پر تبادلہ خیال ہوا۔