عمران کا اصل چہرہ دیکھ لیا،کارروائی کرنا فرض بنتا ہے،طلال چوہدری

30 جون ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ، طلال چوہدری نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں کیابیت المال یاتوشہ خانہ میں اس طرح بد دیانتی کرتے ہیں، آج آپ نے عمران خان کا اصل چہرہ دیکھ لیا۔ عمران خان بار بار یہ کہتے نہیں تھکتے کہ مدینہ کی ریاست ہے ۔ مدینہ کی ریاست میں کیابیت المال یاتوشہ خانہ میں اس طرح بد دیانتی کرتے ہیں۔ ان تمام چیزوں پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی اور کارروائی کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔مگر پھر یہ چیختے چلاتے ہیں کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔ یہ پیسے جو ہیں یہ ان کے باپ کے پیسے نہیں تھے جس طرح خان صاحب کہتے تھے یہ تو دوست ممالک کے دیئے ہوئے تحفے تھے ۔انہوں نے بد دیانتی سے بیچے ہیں اور پیسے بھی اتنے جمع نہیں کروائے جتنے ان کے بنتے تھے ۔نمائندہ دی نیوز، قاسم عباسی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی توشہ خانہ کی تفصیلات فیکٹس فوکس کے عثمان منظور نے اپنی ایک سوشل رپورٹ میں ظاہر کی تھیں لیکن یہ جو گھڑیاں ہیں یہ ان سے الگ ہیں اور یہ وزیراعظم عمران خان کو جب وہ وزیراعظم تھے2018ء میں گفٹ کی گئی تھیں جو انہوں نے بعد میں F7 کی ایک مقامی دکان میں یہ گھڑیاں فروخت کیں اور اس سے انہیں ان گھڑیوں کی فروخت سے36 ملین روپے کا منافع ہوا تھا۔