اسٹاک مارکیٹ، سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی، 468 پوائنٹس کم

30 جون ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،فنانس بل منظور ی کے انتطار میں سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث مندی کا رحجان ، کے ایس ای100انڈیکس 468پوائنٹس کم ہو گیا ،سرمایہ کاری مالیت 53 ارب 47 کرور 53 لاکھ روپے گھٹ گئی،53.16 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بھی کم ہو گئی ،کاروباری حجم بھی 44.70 فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق بدھ کو بجٹ منظوری کے انتطار میں سرمایہ کاروں کی جانب سے زیادہ سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی ،اگرچہ کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا لیکن اس کے بعد مسلسل مندی غالب رہی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 646 پوائنٹس تک گھٹ گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 467.89 پوائنٹس کی کمی سے 41297.73 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 237.21 پوائنٹس کی کمی سے 15696.62 پوائنٹس پر آگیا اور آل شیئرز انڈیکس 219.73 پوائنٹس کی کمی سے 28441.34 پوائنٹس ہو گیا، بدھ کو مجموعی طور پر 316 کمپنیوں کے شیئرزکا کاروبار ہوا، 124 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،168 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 24 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 53 ارب 47 کروڑ 53 لاکھ 34ہزار روپے کی کمی سے 6922 ارب 20 کروڑ 43 لاکھ 32ہزار روپے ہو گئی ،سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت 11 کروڑ 49 لاکھ 70ہزار شیئرز کی کمی سے 14 کروڑ 21 لاکھ 92ہزار شیئرز پر آگیا۔