سری لنکا، ایندھن قلت، 10 جولائی تک لاک ڈائون نافذ، معیشت 1.6 فیصد سکڑگئی

30 جون ، 2022

کراچی(نیوز ڈیسک) دیوالیہ ہونے کے بعد سری لنکا میں ایندھن کی شدید قلت پیدا ہوگئی جس کے بعد ملک میں 10 جولائی تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔سری لنکا کی معیشت 1.6فیصد سکڑ گئی ہے اور ڈوبتی معیشت کے باعث انسانی بحران پیدا ہونے کا خطرہ ہے ، ایندھن قلت کی وجہ سے صرف ایمرجنسی کی صورت میں ایندھن ملے گا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی بند کر کے صرف ایمرجنسی شعبوں کو ایندھن فراہم ہوگا جبکہ سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق رعایتی قیمت پر ایندھن حاصل کرنے کے لئے سری لنکن حکومتی وفد نے قطر اور روس کا دورہ بھی کیا ہے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا تھا۔ سری لنکن پیٹرولیم اور گیس کمپنی کا کہنا تھا کہ پیٹرول 22 اور ڈیزل 15فیصد مہنگا کیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اضافے کے بعد سری لنکا میں ایک لیٹر پیٹرول پاکستانی 318 روپے اور ڈیزل 266 روپے کا ہوگیا۔حکومت نے سوائے ایمرجنسی شعبوں کے ہرقسم کے ٹرانسپورٹ کو پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی بند کردی ہے ۔