کورونا میں تیزی، این سی او سی کی مکمل بحالی کا فیصلہ، عوام SOPs پر عمل کریں، حکومتی اپیل

30 جون ، 2022

اسلام آباد، کراچی (نیوز ایجنسیاں، اسٹاف رپورٹر) حکومت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی مکمل بحالی کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے کا اپیل کی ہے، ادھر ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی مثبت شرح 3.50 فیصدجبکہ کراچی میں شرح18فیصد سے زائدریکارڈ کی گئی جبکہ وائرس سے ایک مریض جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت اور دیگر حکام نے شرکت کی اور اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔ دورانِ اجلاس ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے این سی او سی کی مکمل بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایات جاری کیں جسکے تحت تمام صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں۔ ادھر این آئی ایچ کے بدھ کو جاری کردہ ٹویٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 ہزار 462 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 541 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔