گیس شارٹ فال کے باعث رات کو لوڈشیڈنگ پر مجبورہیں‘کے الیکٹرک

30 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے کہا ہے گیس کا شارٹ فال چوبیس گھنٹے قائم رہنے کے باعث ادارہ رات کو لوڈشیڈنگ کرنے پر مجبور ہے‘مالی مسائل کے باوجود اس نے 29 جون 2022 کو ایس ایس جی سی کو 50 کروڑ کی مزید ادائیگی کی ہے جس کے بعد رواں ماہ میں مجموعی طور پر ادا کی گئی رقم 6 ارب روپے سے زیادہ ہوگئی ہے۔کے۔الیکٹرک کی قیادت بشمول سی ای او مونس عبد اللہ علوی نے صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی بدھ کے روز ملاقات کی۔ کے الیکٹرک کی اعلیٰ قیادت نے ان نمائندوں کو ٹیرف ڈفرینشل کلیمز کی مد میں ہونے والی ادائیگیوں میں تاخیر اور بجلی کی پیداوار پر ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے آگاہ کیا۔ اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کے۔الیکٹرک کے ترجمان نے مذید کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیرف ڈفرینشل کلیمز کی مد میں وفاقی حکومت سے ملنے والی رقم کے حصول میں تاخیر کے باعث کے۔الیکٹرک کو شدید مالی مسائل کا سامنا ہے۔