سود اللہ اور اسکے رسول محمد ﷺ سے کھلی جنگ ہے،مصطفیٰ کمال

30 جون ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سود اللہ اور اسکے رسول محمد ﷺ سے کھلی جنگ ہے، حکمران کشمیر ہڑپ کرنے پر بھارت سے تو جنگ لڑ نہیں سکتے لیکن رب العالمین اور اس کے محبوب محمد ﷺ سے جنگ کیے جارہے ہیں۔ پی ایس پی شرعی عدالت کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ اس ملک کو سودی نظام سے نجات دلائیں مگر کچھ بدبخت اس سودی نظام کو بچانے کیلئے شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جارہے ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی اس عمل کی ناصرف سخت مذمت کرتی ہے بلکہ متعلقہ بینکوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر اپنے فیصلے پر فی الفور نظرِ ثانی کریں۔حکمرانوں کوتنبیہ کررہا ہوں کہ جتنا مرضی پیسہ باہر سے لیکر آجائیں، معیشت ٹھیک نہیں ہوگی بلکہ سب کچھ تباہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں علماء رابطہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔