IMF دبائو، 10 اور 5 روپے لیوی عائد، پٹرول 14.85، ڈیزل 13.23 روپے مزید مہنگا

01 جولائی ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )آئی ایم ایف کے دباؤپر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاجس کا اطلاق یکم جولائی (آج ) سے ہوگیاہے۔پٹرول کی قیمت میں14روپے 85پیسے ‘ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13روپے23پیسے فی لٹر‘مٹی کا تیل 18روپے 83پیسے ‘ اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18روپے68پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی 248 روپے74پیسے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت276روپے 54پیسے ، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 230روپے 26پیسے فی لٹراور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 226روپے 15پیسے فی لٹر ہوگئی ہے، وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پیٹرولیم لیوی کو بھی شامل کیا گیا ہے‘پٹرول پر 10‘ہائی اسپیڈ ڈیزل ‘ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے‘وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور کرنسی کی قدر میں فرق کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اور پیٹرولیم لیوی کومرحلہ وار عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں ترقیاتی شراکت دار ( آئی ایم ایف ) کے ساتھ کیے گئے اتفاق کے مطابق بڑھائی گئی ہیں ، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سےہوگیا ہے۔