میں نے زندگی میں بڑی غلطیاں کی ہیں ، عمران خان

01 جولائی ، 2022

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے زندگی میں بڑی غلطیاں کیںتاہم ساڑھے 3سال میں بہت کچھ سیکھا‘روزانہ بہت سی پریشانیوں کا سامنا ہوتاتھا‘صبح اٹھتا تو ایک نیا بحران سامنے ہوتا تھا‘کبھی سنتے پی آئی اے دیوالیہ ہوگیا کبھی ریلوے کا مسئلہ آجاتا‘کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھاکہ شہبازشریف اورکرپشن کے پیسوں سے سرے محل خریدنے والے آصف زرداری اقتدار میں آئیں گے ‘ملک قانون کی پابندی یعنی رول آف لاء پر چلتا ہے مگر میں ترجیحات کا تعین کرتا تھا کہ پہلے کن مسائل کو حل کرنا ہے‘میں تمام مسائل کو ایک ساتھ حل نہیں کر سکتا تھا‘ پھر بھی میں سمجھتا ہوں کہ ہم بہت سی چیزیں درست کر سکتے تھے‘نیوٹرلز سے کہا تھا کہ اچھا ہے آپ نیوٹرل ہی رہیں لیکن اگر آپ نیوٹرل رہے تو اس سے ملک کو نقصان ہوگا‘پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں مداخلت ہو رہی ہے‘اسمبلی اور الیکشن کمیشن پر کسی کو اعتماد نہیں ہے‘ چوروں کو بچانے کے لیے ملکی اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے‘پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ ایک غلامی سے نکل کردوسری غلامی میں آجائیں۔اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ عام سے آدمی ہیں‘ زندگی میں بڑی غلطیاں کیں لیکن کرکٹ میں کامیابی کی وجہ یہ رہی کہ غلطیوں کا تجزیہ کر کے ان کی اصلاح کی۔حکومت کے ساڑھے تین برسوں کو زندگی کے مشکل ترین سال قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ صبح اٹھتے تو ایک نیا بحران سامنے ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ مارشل لاء لگتا ہے تو رول آف لاء کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔سیاستدانوں سے امریکی سفارتکاروں کی ملاقاتوں کو تنقید کا ہدف بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کے پاس سارا ریکارڈ ہے کہ کون کون امریکی سفارتخانے میں جارہا تھا۔عمران خان کا مزید کہناتھاکہ سندھ‘ پنجاب کے الیکشن سے مزید انتشاربڑھے گا،یک ہی راستہ ملک میں فری اینڈ فیئرالیکشن کرائے جائیں‘ اگراس طرح کے چوروں کو اقتدارمیں بٹھانا ہے تو پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں‘نوازشریف کو این آر او دیا گیا، پاکستان میں کبھی این آر او 1 اور کبھی این آر او 2 دیا جاتا ہے۔اب نیب چوروں کے خلاف کوئی کارروائی بھی نہیں کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا یہ حال ہے کہ وہاں راجہ ریاض اپوزیشن لیڈر ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نیوٹرلز سے کہا تھا کہ اچھا ہے آپ نیوٹرل ہی رہیں لیکن اگر آپ نیوٹرل رہے تو اس سے ملک کو نقصان ہوگا، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ شہباز شریف کو وزیر اعظم بنا دیں گے اور آصف زرداری کو اقتدار میں لے آئیں گے۔