عدالت نے الیکشن کالعدم قرار دیا نہ حمزہ شہباز کو ہٹایا، عطا تارڑ

01 جولائی ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ) صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہعدالت نے الیکشن کالعدم قرار دیا نہ حمزہ شہباز کو ہٹایا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرتے ہیں اور ہم رن آف الیکشن کے عمل میں شامل ہوں گے ، تحریک انصاف کو سمجھ نہیں آرہی،وہ خوشیاں بھی منا رہے ہیں او راپیل میں بھی جانے کا اعلان کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے تمام فیصلوں کو بھی قانونی تحفظ حاصل ہے ، عدالت نے اپنے حکم میں واضح کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر اجلاس کی صدارت کریں گے اور اگر اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تو توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ہائیکورٹ کے احاطے میں رانا مشہود ، علی گیلانی اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم عدالت کے ہر فیصلے کا احترام کرتے ہیں ، یہ فیصلہ اس لئے آیاکہ سپریم کورٹ نے 63اے کی تشریح کی جس کے تحت یہ رائے دی گئی کہ پارٹی ڈائریکشن کے خلاف ووٹ ڈالنے والوں کا ووٹ گنتی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح طو رپر درج ہے کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پہلی گنتی میں جو امیدوار186ووٹ حاصل نہیں کر سکے گا تو اگلا انتخاب فی الفور ہوگا جس کے اندر جواراکین ہائوس کے اندر موجود ہوں گے ان کی اکثریت پر وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اراکین واپس بھی آ گئے ہیں اور ہماری تعداد177ہے جبکہ تحریک انصاف اور (ق) لیگ کا جواتحاد ہے اس کی تعداد168ہے ، اس لحاط سے ہمیں اللہ کے فضل سے 9و وٹوں کی برتری حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا علیٰ کے انتخاب کے عمل کے دوران کو ئی بھی غیر قانونی فعل توہین عدالت کے زمرے میں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پرویز الٰہی اس انتخاب میں وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہیں اس لئے ڈپٹی سپیکر اجلاس کی صدارت کریں گے ہمیں امید ہے کہ وہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انتخاب کرائیں گے۔رانا مشہود نے کہا کہ پی ٹی آئی جو دھوکہ عوام کے ساتھ کرتی آئی ہے آج بھی اسے سمجھ نہیں آرہی کرنا کیا ہے ۔ اس آرڈر کے اندر یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ کے رن آف کوسبوتاژکرنے کی کوشش کی گئی تو توہین عدالت لگے گی ۔ ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت الیکشن ہوگا اوراگر کسی نے بد معاشی کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف حکومت تو کوئی اقدام نہیں کرے گی بلکہ براہ راست عدالت توہین عدالت کی کارروائی کرے گی ۔