پٹرولیم شعبے میں عمران حکومت کے غلط فیصلوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنے گا‘خاقان

01 جولائی ، 2022

اسلام آباد (ایجنسیاں )مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے پٹرولیم کے شعبے میں غلط فیصلوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے گاجبکہ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سری لنکا جیسے فسادات سے بچنے کے لیے عمران خان کو نکالا گیا، عمران خان نے پاکستان کو بند گلی میں لاکر کھڑا کر دیا ہے‘ کمیشن بنانے کا مقصد عمران خان کے دور کی کرپشن سامنے لانا ہے ‘کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو ذمہ داران ہونگے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفر نس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پچھلے 4 سال میں بجلی، گیس، پٹرول، ایل این جی سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، کمیشن کی کارروائی میڈیا کے لیے اوپن ہوگی۔عمران خان اور ان کی کابینہ کے غلط فیصلوں سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، عمران خان نے پچھلے چار سال میں انرجی سیکٹرکوتباہ کیا، کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی، عمران خان اور ان کے وزرا کمیشن کو اپنی صفائی پیش کرسکتے ہیں۔ اس مو قع پراحسن اقبال کا کہنا تھا کہ کمیشن بنانے کا مقصد توانائی کے شعبے میں عمران خان کے دور کی کرپشن سامنے لانا ہے ۔چند ماہ میں معیشت کو مستحکم بنائیں گے، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو ذمہ داران ہونگے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔