جون میں سی پی آئی بنیاد پر مہنگائی کا تخمینہ 15.5 سے 16 فیصد

01 جولائی ، 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) جون میں سی پی آئی بنیاد پر مہنگائی کا تخمینہ 15.5 سے 16 فیصد لگایا گیا ہے۔ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں بڑا فرق پایا گیا ہے، مئی میں سی پی آئی بنیاد پر مہنگائی 13.8 فیصد تھی، ادارہ شماریات آج سرکاری اعدادوشمار جاری کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق، جون 2022 میں صارف اشاریہ قیمت (سی پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی 15.5 فیصد سے 16 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جس کی بنیادی وجہ فیول اور اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ بدھ کے روز وزارت خزانہ نے اپنی رپورٹ میں عندیہ دیا ہے کہ جون، 2022 میں مہنگائی 14.5 فیصد سے 15.5 فیصد رہے گی۔ تاہم، سی پی آئی کی بنیاد پر مہنگائی سال بہ سال کی بنیاد پر جون، 2022 میں 15.5 فیصد سے 16 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اعلیٰ حکام نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ان کے اندازے کے مطابق جون، 2022 میں سی پی آئی بنیاد پر مہنگائی 15.7 سے 15.8 فیصد رہے گی ۔ جب کہ پاکستان کا ادارہ شماریات (پی بی ایس) سرکاری اعدادوشمار آج (جمعہ کے روز) جاری کرے گا۔ جب کہ مئی، 2022 میں سی پی آئی بنیاد پر مہنگائی 13.8 فیصد رہی تھی۔ اس کے علاوہ حساس اشاریہ قیمت (ایس پی آئی) جس کا حساب ہفتہ وار بنیاد پر 51 اشیاء کے حوالے سے لگایا جاتا ہے ۔ اس کی بنیاد پر 23 جون تک کے اعدادوشمار کے مطابق یہ 28 فیصد تھی۔ ایس پی آئی اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے ، لہٰذا یہ بھی سی پی آئی بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کا سبب بنے گا۔ اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر اعدادوشمار سے چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے تو سی پی آئی بنیاد پر مہنگائی 16 فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔ تاہم، گندم کے آٹے کی قیمتوں کے ساتھ مبینہ طور پر ہیر پھیر کی گئی ہے اور پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 980 روپے کا ہے۔ اس کی باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہیئے تاکہ ہیرا پھیری کا تاثر ختم کیا جاسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تین شعبوں میں باقاعدہ تحقیقات کی ضرورت ہے ۔ اس میں گندم کے آٹے کی قیمتیں، بجلی کی قیمتیں اور گھر کے کرایہ کے اعدادوشمار شامل ہیں۔ گوجرانوالہ میں 10 کلو گندم کے آٹے کا تھیلا 700 روپے کا ہے، جب کہ بنوں اور حیدرآباد میں اس کی قیمت 682 روپے ہے۔اس سے واضح ہوتا ہے کہ 20 کلو گندم کے آٹے کے تھیلے کے جو اعدادوشمار جمع کیے گئے ہیں ، وہ کہیں نہ کہیں غلط ہیں۔ جب کہ کراچی میں 20 کلو گندم کے آٹے کا تھیلا 1500 سے 1700 روپے میں دستیاب ہے۔ اس طرح کراچی اور گوجرانوالہ میں فی تھیلا قیمتوں کا فرق 600 روپے سے 720 روپے تک ہے۔ 19 مئی، 2022 کو پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1300 سے 1400 روپے میں دستیاب تھا ، ایسے میں گزشتہ 8 ہفتوں میں ایسا کیا ہوا کہ فی تھیلا قیمت 400 روپے تک کم ہوگئی اور یہ 980 روپے فی تھیلا تک پہنچ گئی۔ اسی طرح بجلی کی قیمتیں مئی، 2022 میں 21 فیصد تک کم ہوئیں لیکن صارفین شکایت کررہے ہیں کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔