پارلیمنٹ قوم کو درپیش مسائل کے ازالے کا حتمی فورم ہے،صدر عارف علوی

01 جولائی ، 2022

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک مضبوط، بااختیار اور عوام کے حقیقی طور پر نمائندہ پارلیمانی نظام کے فروغ کیلئے پاکستانی قوم کے عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔صدر مملکت نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن کے موقع پر جوجمعرات کو منایا جارہا ہے، اپنے پیغام میں کہا کہ پائیدار ترقی اور بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کیلئے دنیا بھر کی پارلیمانوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ پارلیمنٹ کے ان اقدامات کی وجہ سے پاکستانی قوم کو درپیش انتہائی اہمیت کے موضوعات پر قانون سازی کی جاتی ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ ریاست کا ایک بنیادی ستون ہے اور قوم کو درپیش مسائل کے ازالے کا حتمی فورم ہے۔ پاکستانی آئین میں اقلیتوں کو آزادی کیساتھ اپنے مذہب پر عمل کرنیکے حقوق کی بھی ضمانت دی گئی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اس عالمی دن پر میں پارلیمان سے درخواست کروں گا کہ وہ ملک کے مشترکہ مستقبل، پائیدار ترقی اور معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے کوئی موقع ضائع نہ کرے، پارلیمان کو عام آدمی کو درپیش مشکلات کم کرنے پر توجہ دینے کے علاوہ خواتین، بچوں اور خصوصی افراد کے مسائل پر قانون سازی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ صدر نے کہا کہ میں ایک مضبوط ، بااختیار اور عوام کے حقیقی طور پر نمائندہ پارلیمانی نظام کے فروغ کیلئے پاکستانی قوم کے عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کرتا ہوں۔