کیا اہم شخصیت سے رابطہ ہے‘ توشہ خانہ سے کیا خریدا کیا بیچا‘ عمران خان سے سوال‘ جواب گول مول

01 جولائی ، 2022

اسلام آباد (عاصم جاوید) گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیمینار کے بعد واپس جاتے ہوئے صحافیوں نے عمران خان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔ ایک صحافی نے عمران خان سے سوال پوچھا کہ ’کیا اب بھی آپ کا اہم شخصیت سے رابطہ ہوتا ہے؟‘ مگر انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔ ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ ’خان صاحب توشہ خانہ سے کیا خریدا اور کیا بیچا؟‘ اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ یہ توشہ خانہ نہیں توچہ خانہ ہے۔ ایک اور صحافی نے پوچھا کہ خان صاحب آپ صحافیوں کے سوالوں کے جواب کیوں نہیں دیتے؟ اس پر بھی عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا اور مسکرا کر گاڑی میں بیٹھ گئے۔