بنیادی پے سکیل سسٹم کی اپگریڈیشن اور ری ڈیزگنیشن پالیسی کی منظوری

01 جولائی ، 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے بنیادی پے سکیل سسٹم کی اپ گریڈیشن اور ری ڈیزگنیشن کی پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔پا لیسی کے تحت اپ گریڈیشن صرف اسی صورت میں ہوگی جب کسی وزارت یا ڈویژن یا محکمہ میں انتظامی سٹرکچرکو منطقی بنا نے یا محکمہ کی کا ر کردگی کو موثر بنا نے یا مختلف اداروں میں یکسانیت لانے کیلئے ضرورت ہو۔ایسی صورت میں جب ایک پوسٹ کو دی گئی ذمہ داریاں نمایاں طور پر بڑھ جائیں ۔ایسی صورت میں جب ایک پوسٹ کاپے سکیل اس پوسٹ کی تقرری کیلئے کوالی فیکیشن اور تجربہ سے مطابقت نہ رکھتا ہو۔پرسنل بنیادوں پر اپ گریڈیشن نہ دی جا ئے سوائے اس کے کہ کوئی افسر پہلے ہی ریگولر بنیادوں پر ایک ہائر پوسٹ پر تعینات ہو۔ اپ گریڈیشن کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس کے چیئر مین سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ہوں گے۔ دیگر ممبران میں سیکرٹری فنا نس ڈویژن ‘ سیکرٹری متعلقہ وزارت ‘ ممبر ایم ایس ونگ اور جوائنٹ سیکرٹری ریگولیشنز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن شامل ہیں۔کمیٹی کی ٹی او آرز جاری کردی گئی ہیں۔اپ گریڈیشن کی تمام در خواستیں اس کمیٹی کو بھیجی جائیں گی۔کمیٹی کیس ٹو کیس بنیادوں پر کیسز کا جائزہ لے گی۔محکمے اپنی وزارت کے توسط سے گریڈ ایک سے انیس تک کے کیسز کمیٹی کو بھیجیں گے۔ وزارت گریڈ بیس یا اس سے اوپر کے کیسز بھیجے گی۔ جوائنٹ سیکرٹری ریگولیشنز کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کمیٹی کے قیام کا آ فس میمورنڈم جاری کر دیا ہے اور تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو بھی سرکلر کر دیا ہے۔