پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کاا ستعفیٰ کمیٹیوں کی تشکیل نو ،چھ نئے چیئرمین منتخب

01 جولائی ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر ) تحریک انصاف کے مستعفی ہونے کے بعد قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کی از سر نو تشکیل ،چھ قائمہ کمیٹیوں کےنئے چیئرمین اتفاق رائے سے منتخب کر لئے گئے ،جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں قائمہ کمیٹیوں کے نئے سربراہوں کا انتخاب عمل میں آیا، پارلیمانی امور کے وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی بھی موجود تھے ، اقتصادی امورڈویژن کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نجیب الدین اویس کو منتخب کیا گیا ، ان کا نام علی زاہد ایم این اے نے تجویز کیا، سید غلام مصطفیٰ شاہ کو صنعت و پیداوار قائمہ کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ان کا نام سید عمران شاہ نے تجویز کیا تھا، احمد حسین دہیڑکو داخلہ کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا سید ساجد مہدی نے ان کا نام تجویز کیا تھا سید عمران شاہ مذہبی امور کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے شگفتہ جمانی نے ان کا نام تجویز کیا تھا ،ریاستیں اور سرحدی امور ( سیفران ) کمیٹی کیلئے محمد جمال الدین ایم این اے چیئرمین منتخب ہوئے ، عباد اللہ شاہ نے ان کا نام تجویز کیا تھا ،چوہدری محمد بشیر ورک قومی اسمبلی کی قانون و انصاف قائمہ کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے ،ڈاکٹر رمیش کمار و نکوانی نے ان کا نام تجویز کیا ،قائمہ کمیٹی کےنئے سربراہوں نے یقین دلایا کہ وہ بہترین پارلیمانی روایات کو فروغ دیں گے او رپارلیمانی کمیٹیوں کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنے میں کردار ادا کریں گے ۔ دریں اثنا قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے پہلے اجلاس میں دو اہم فیصلے کئے گئے ، کمیٹی نے حج ایڈوائزری کمیٹی فوری بحال کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران و ملازمین کو حج پر لے جانے والی فلائٹ کا عرصہ مختصر رکھنے کی ہدایت کی ۔