سابق گورنر کے پی کے کو 65ہزار پنشن ،3ممنوع ،6 غیر ممنوع ہتھیاروں کے لائسنس

01 جولائی ، 2022

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبرپختونخوا حکومت نے تحریک انصاف کےسابق گورنر شاہ فرمان کی پنشن سمیت دیگر مراعات کا سرکلر جاری کردیاہے، اس سلسلے میں ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر و وزیراعلیٰ، سینئر ممبر بورڈ، تمام انتظامی سیکرٹریوں ،تمام ماتحت محکموں کے سربراہوں اور تمام ڈویژنل کمشنر ز کے نام جاری ہونےوالے سرکلر کے مطابق سابق گورنر شاہ فرمان کو ماہانہ 65ہزار پنشن اور اپنی حفاظت کے لئے تین ممنوعہ جبکہ چھ غیر ممنوعہ ہتھیاروں کے لائسنس کے حصول کے بھی اہل ہونگے، سرکلر کے مطابق سابق گورنر شاہ فرمان کو ملک بھر کے سرکاری ریسٹ ہائوسز اور سرکٹ ہائوسز میں مفت رہائش،تین ہزار روپے ماہانہ تک رہائشی ٹیلی فون ،صوبائی پولیس سے پانچ سال کے لئے ڈرائیور کم گن مین کی سہولت،جبکہ چار سال کے لئے ایک سٹینوگرافر کی سہولیات بھی حاصل ہوگی۔ یا د رہےشاہ فرمان نے وفاق میں عمران خان کی قیادت میں قائم تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کےبعد گورنر کے عہدے سے یہ کہہ کر استعفی دیا تھا کہ وہ نئے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے کی بجائے مستعفی ہونےکو ترجیحی دینگے۔