سری لنکا ،مظاہرین کا صدارتی محل پر دھاوا ،صدر راجا پاکسے فرار ،پولیس جھڑپیں درجنوں زخمی

10 جولائی ، 2022

کولمبو (جنگ نیوز ) سری لنکا کے حالات سنگین ترین ہونے لگے ، کولمبو میں عوام نے صدارتی محل پر دھاوا بول دیا جس کے بعد صدر راجا پاکسے وہاں سے فرا ر ہوگئے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق سری لنکا میں خوراک ، پٹرول اور ادویات کی شدید قلت کے باعث عوام گھروں سے باہر نکل آئے ، کولمبو میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا مگر عوام کرفیو کے باوجود سڑکوں پر نکل آئے اور صدارتی محل پر دھاوا بول دیا۔مظاہرین سری لنکن صدرسےمستعفی ہونےکامطالبہ کر رہے ہیں ، احتجاج میں شریک افراد حکومت مخالف نعرے لگا رہے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کولمبو میں ہزاروں مظاہرین صدارتی محل کے سامنے کھڑی رکاوٹیں توڑ کر صدارتی محل میں داخل ہو گئے، اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی، واٹر کینن کا استعمال کیا گیا اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جس میں 34 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق مظاہرین کی جانب سے صدر گوٹابایا راجا پاکسے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ سری لنکن صدرکے فرارکے بعد وزیراعظم نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلالیا، رانیل وکرم سنگھا نے سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی اجلاس میں ملکی بحران کا موضوع زیربحث آئے گا۔