روس کیخلاف جنگ کیلئے یوکرینی فوجیوں کی تربیت کا نیاپروگرام شروع

10 جولائی ، 2022

لندن (پی اے) روس کے خلاف جنگ کیلئے یوکرینی فوجیوں نے نیا تربیتی پروگرام شروع کردیا۔ اگلے چند مہینوں کے دوان کم وبیش 10,000فوجیوں کو محکمہ دفاع کے مختلف مقامات پر تربیت دی جائے گی۔ اس پروگرام سے نئے بھرتی ہوئے ریکروٹس کو فرنٹ لائن پر لڑنے کی ضروری مہارت فراہم کی جائے گی۔ وزیر دفاع بین ویلس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے یوکرین کے فوجیوں کی مدد کا یہ دوسرا مرحلہ ہے، کم وبیش 1,050 فوجی ملک کے مختلف مقامات پر یوکرین کے فوجیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔ برطانیہ کی جانب سے اس تربیتی پروگرام کا مقصد 120 دن میں کم وبیش10,000 ہزار یوکرینی فوجیوں کو تربیت دینا ہے۔ بین ویلس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد بھی تربیت کا یہ پروگرام جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہماری خدمات یوکرین کیلئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین مہارت کے ذریعہ برطانوی فوج یوکرین کو روس کے مقابلے کیلئے اپنی فوج منظم کرنے میں مدد دے گی۔ آرمی کی II سیکورٹی فورس اسسٹنس بریگیڈ فوجیوں کو بنیادی تربیت دے رہی ہے، اس تربیت میں اسلحہ چلانا، میدان جنگ میں ابتدائی امداد بہم پہنچانا، میدان جنگ میں اسلحہ کا استعمال، گشت کی حکمت عملی اور فوجی تنازعے کے قوانین کی تربیت شامل ہے۔ برطانیہ 2015 سے اب تک یوکرین کے کم وبیش 22,000 فوجیوں کو تربیت دے چکا ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ اب تک روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو 2.3 بلین پونڈ کی فوجی امداد فراہم کرچکا ہے، جس میں 5 ہزار ٹینک شکن اسلحہ کے علاوہ M270 کثیر المقاصد راکٹ سسٹم شامل ہیں۔ برطانیہ اب یوکرین کی مدد کو اپنے دفاعی اخراجات کے طور پر سمجھ رہا ہے جوکہ اس کے جی ڈی پی کے 2.3 فیصد کے برابر ہے، یہ شرح نیٹو کی 2 فیصد کی شرح سے زیادہ ہے۔